کوشش تھی ہدف عبور کریں‘ڈرا میچ پر مطمئن ہیں :نسیم شاہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باوئولر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ آخری وکٹ پر بھی ان کی کوشش تھی کہ وہ ہدف کو عبور کرنے کی کوشش کریں، جب نیوزی لینڈ نے تمام دس فیلڈرز قریب کھڑے کردیئے تو بچپن میں کھیلی جانیوالی ’ون ٹپ آؤٹ‘ کرکٹ یاد آگئی۔ٹیسٹ کرکٹ بہت مختلف ہے، اس میں کھیل اور اس کا پریشر ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سے مختلف ہوتا ہے، پانچ دن محنت کرتے ہیں اور اس کا نتیجہ آخری دن کے آخری ایک گھنٹے میں ہوتا ہے۔ سرفراز کے آؤٹ ہونے پر آخری وکٹ پرپریشر تھا۔ بورڈ پر دیکھا کہ 25 رنز درکار ہیں، سوچا یہ تو ہوسکتے ہیں اور دو شاٹس ماریں۔ کیوی کپتان ٹم ساؤتھی کو کہا تھا کہ ایسی ہی فیلڈ رکھیں، میچ ختم کردوں گا۔ ثقلین مشتاق نے پہلے ایک بار سمجھایا تھا کہ جب سارے فیلڈرز قریب ہوں تو سمجھو کہ سرکل چھوٹا ہوگیا ہے اور بس اس کو پار کرنا ہے،پاکستان نے مثبت کرکٹ کھیلی اور میچ ڈرا ہونے پر مطمئن ہیں۔