اداروں کیخلاف اکسانے کا کیس، فرد جرم مؤخر، شہباز گل ایمبولینس میں کچہری پہنچے
اسلام آباد (وقائع نگار) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے شہباز گل وغیرہ کے خلاف اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر موخر کرتے ہوئے عدم پیشی پر شریک ملزم عماد یوسف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ شہباز گل ایمبولنس میں کچہری پہنچے۔ شریک ملزم عماد یوسف کے وکیل نے عماد یوسف کے استثنی کی درخواست دائر کرتے ہوئے بتایا کہ عماد یوسف کو ملیریا ہو گیا ہے، جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ لگتا ہے باریاں لگی ہوئی ہیں، شہباز گل ایمبولینس پر لاہور سے آگئے اور عماد یوسف کراچی سے نہیں آئے۔ وکیل نے عماد یوسف کی میڈیکل رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہبازگِل عدالت کے باہر ایمبولینس میں موجود ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ معاملہ لٹک رہا ہے لگتا ہے، ایسا لگ رہا ٹائم آگے کیا جارہا ہے۔ وکیل نے کہا کہ یہ بیمار آدمی کے وارنٹ گرفتاری جاری کرا دیتے ہیں، شہبازگِل عدالت کے باہر ایمبولینس میں موجود ہیں، ایمبولینس سے نہیں اتار سکتے، آکسیجن ماسک لگا ہوا ہے۔ عدالت نے شہبازگل کی حاضری لگا دی اور عدم پیشی پر 50ہزار روپے مچلکوں کے عوض عماد یوسف کے وارنٹ جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 20 جنوری تک کیلئے ملتوی کردی۔