شدید دھند: 3 پروازیں منسوخ، حادثے میں نوجوان جاں بحق
فیروز والہ، جڑانوالہ‘ لاہور (نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت+ این این آئی) لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر دھند کے باعث فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہو گیا۔ جی ٹی روڈ پر حادثے میں نوجوان جاں بحق جبکہ جڑانوالہ میں بس الٹ گئی۔ حد نگاہ کم ہونے سے 3پروازیں منسوخ اور 6پروازوں کا رخ اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا۔ 20سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سعودی عریبیہ کی جدہ سے آنے والی پرواز 738 تین گھنٹے تاخیر کا شکار، پی آئی اے کی مدینہ سے آنے والی 748 چار گھنٹے، ائیر بلیو کی شارجہ سے آنے والی 413 تین گھنٹے‘ ائیر بلیو کی ابوظہبی سے آنے والی 431 آٹھ گھنٹے‘ کراچی سے آنے والی پرواز 141 ایک گھنٹہ تاخیرکا شکار، سعودی عریبیہ کی جدہ سے آنے والی پرواز 734 چالیس منٹ تاخیر کا شکار، پی آئی اے کی کراچی سے آنے والی پرواز 302 ایک گھنٹہ دس منٹ تاخیر کا شکار ہوئی۔ کراچی سے لاہور آنے والی پی ایف 143 اور پی ایف 147، کوالالمپور سے لاہور آنے والی پرواز او ڈی 131 اور دبئی سے لاہور آنے والی پرواز ای آر 724 ، پی آئی اے کی بحرین سے آنے والی پرواز اور پی آئی اے کی جدہ سے آنے والی پرواز 760 کا رخ اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا۔ پی آئی اے کی کراچی سے لاہور آنے والی پرواز 306 منسوخ، پی آئی اے کی لاہور سے کراچی جانے والی پرواز 307 منسوخ اور لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی ایف 148 منسوخ کر دی گئی۔ جڑانوالہ میں مقامی ملز کی بس ملازمین کو لینے جا رہی تھی کہ چک نمبر 54 گ ب ڈھیسیاں سٹاپ پر شدید دھند کے باعث بے قابو ہوکر الٹ گئی جس کے نتیجہ میں فاروق زبیر اور سلیمان زخمی ہو گئے۔ فیروز والہ جی ٹی روڈ پر نوجوان شاہد اپنے دوست کے ہمراہ موٹرسائیکل پر سوار ہو کر جارہے تھے کہ دھند کے باعث لوڈر رکشہ میں لدے ہوئے سریئے پرکوئی انڈی کیٹر نہ ہونے کی وجہ سے موٹرسائیکل سواروں سے ٹکرا گیا۔ آہنی سریا دونوں دوستوں کے جسم سے آرپار ہوگیا جس کے باعث شاہد جان بحق جبکہ اسکا ساتھی شدید زخمی ہوگیا۔