اقتدار ختم کرنے میں باجوہ ملوث تھے ورنہ مستحکم حکومتیں ایسے نہیں جاتیں: فواد
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا ہے کہ معاشی بحران نتیجہ ہے سیاسی بحران کا۔ عمران خان کی حکومت کو غیر ضروری طور پر گھر بھیج کر معاشی بحران پیدا کیا گیا۔ کسی کو پتا نہیں کہ تین یا پانچ ماہ بعد یہاں کونسی حکومت ہو گی۔ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں لا سکتے۔ ہماری کابینہ یا عمران خان کے خلاف کرپشن کا ایک سکینڈل بھی نہیں آیا۔ ہمارے دور حکومت میں عدلیہ، قانون کی حکمرانی کے اداروں میں کرپشن انڈیکس بڑھا۔ ہم کسی کے خلاف نہیں کھڑے۔ مستحکم حکومتیں ایسے نہیں جاتیں جیسے ہماری حکومت گئی۔ ہماری اتحادی جماعتوں کے طرز عمل سے واضح ہو گیا تھا کہ وہ ہدایات پر عمل کر رہی ہیں۔ سب کو پتا ہے کہ ان جماعتوں کو اسٹیبلشمنٹ کنٹرول کرتی ہے۔ ان کی پوزیشنیں کیا ہیں۔ سیاست کو سیاستدانوں پر چھوڑ دینا چاہئے تھا۔ عمران خان کے مطابق ہماری حکومت کو گھر بھیجنے میں جنرل باجوہ ملوث تھے۔ ہم نے صدر کو سائفر معاملے کی جوڈیشل انکوائری کیلئے لکھا تھا۔