رحیم یار خان: پراسرار بیماری‘ متاثرہ خاندان کے مزید 9 افراد ہسپتال منتقل
رحیم یارخان (کرائم رپورٹر) پراسرار بیماری سے متاثرہ خاندان کے مزید 9 افراد متاثر ہو گئے ہیں جن میں 6 خواتین شامل ہیں۔ چند روز قبل نواحی علاقہ رکن پور کے موضع تاج پورہ پیروالا میں پراسرار بیماری کے باعث 10 روز کے دوران ایک ہی خاندان کے 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے جس پر محکمہ صحت کی جانب سے تشکیل دی گئی تین رکنی ٹیم نے پراسرار بیماری کو گردن توڑ بخار (سرسام) قرار دیا تھا۔ گزشتہ روز اسی خاندان کے 6 خواتین سمیت مزید 9 متاثرہ افراد جن میں نیاز‘ بشیراں‘ حلیمہ‘ آمنہ‘ رقیہ‘ حاجراں‘ حمزہ‘ نصراللہ اور حبیبہ شامل ہیں کو طبی امداد کیلئے شیخ زید ہسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہیں۔ یاد رہے کہ دو ہفتوں کے دوران 6 بچوں اور 4 خواتین سمیت 12 افراد انتقال کر گئے ہیں۔ مقامی لیڈی ہیلتھ ورکر نے محکمہ صحت کے ضلعی افسران کو صورتحال سے آگاہ کیا‘ لیکن کسی پر کوئی اثر نہ ہوا۔ میڈیا پر خبر نشر ہونے پر انتظامیہ‘ محکمہ صحت اور شیخ زید ہسپتال کے ڈاکٹرز حرکت میں آئے اور ٹیمیں رکن پور روانہ کی گئیں۔