لاہور میں لاکھوں کے ڈاکے: کاہنہ، ماں بیٹی سے ساڑھے 4 لاکھ چھین لئے
لاہور (نامہ نگار) ڈاکوؤں اور چوروں نے شہرکے مختلف علاقوں میں وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے کاہنہ کے علاقے میں صوبیہ اور اس کی بیٹی سے ساڑھے 4 لاکھ روپے مالیت، ریس کورس کے علاقے حبیب اللہ روڈ پر محمد عثمان کے گھر سے 3 لاکھ 65ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، ہنجر وال کے علاقے میں نعمان سے 3 لاکھ 10ہزار روپے، موبائل فون اور موٹر سائیکل، مناواں کے علاقے اڈہ چھبیل میں محمد منیر کی دکان سے 2 لاکھ 70ہزار روپے اور موبائل فون، سبزہ زار کے علاقے میں فیاض سے1 لاکھ 90ہزار روپے اور اے ٹی ایم کارڈ، ہئیرکے علاقے جموں سٹاپ پر محمد اشتیاق کی دکان سے ایک لاکھ 75ہزار روپے اور موبائل فون، نواں کوٹ کے علاقے میں محمد رفیق کی دکان سے ایک لاکھ 65ہزار روپے اور موبائل فون، باٹا پور کے علاقے اتو کے اعوان میں محمد ہارون سے ایک لاکھ 33ہزار روپے اور موبائل فون، مصری شاہ کے علاقے دو موریہ پل کے قریب محمد عاصم سے98ہزار روپے اور موٹر سائیکل، سمن آباد کے علاقے بسطامی روڈ پر محمد کامران سے25ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا ہے۔ چوروں نے گارڈن ٹاؤن، اچھرہ اور کاہنہ کے علاقوں سے تین گاڑیاں جبکہ لاری اڈہ، بادامی باغ، کوٹ لکھپت، قلعہ گجر سنگھ، گلبرگ اورشمالی چھاؤنی کے علاقوں سے چھ موٹر سائیکلیں چوری کر لیں اور فرار ہو گئے ہیں۔