3 ہوائی اڈے آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا‘ نجکاری کی باتیں افواہیں: سعد رفیق
لاہور (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک کے تین ہوائی اڈوں کے آ پریشنز کوآئوٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ ایک خاص مدت کیلئے کیا جا رہا ہے۔ نجکاری کے حوالے سے افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، پی آئی اے کے خسارے کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مخالفین ریلوے بارے جھوٹا پروپیگنڈہ کر رہے ہیں، رواں ماہ کے آخر میں گرین لائن چلائیں گے۔ ایم ایل ون کے حوالے سے چائنیز سے بات چل رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں ریلوے ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی آ ئی اے کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنے اور اس کے مالی خسارے کو کم کرنے کیلئے کوشش کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پی آ ئی اے کے یورپ اور یوکے کے روٹس کھل جائیں تو ادارے کے مالی معاملات بہت بہتر ہو جائیں گے، پی آ ئی اے ایک قابل اصلاح ادارہ ہے۔ اس کے فنانشل ایشوز کو حل کرنے کیلئے سنجیدگی سے کام کیا جا رہا ہے۔ ایمریٹس کے ساتھ جوائنٹ وینچرکیلئے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مسافروں کی سہولت کے لئے پی آ ئی اے کے جہازوں کی سیٹس تبدیل اور مسافروں کیلئے کھانے کے معیار کو بہتر کیا جا رہا ہے۔ ملازمین کا مسافروں کے ساتھ رویہ بھی پہلے سے کافی بہتر ہوا ہے۔ ریلوے کے حوالے سے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اس ادارے کی ترقی و خوشحالی کیلئے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریلوے کوچز اب پاکستان میں بنیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے ملازمین نے سیلاب کے دوران دن رات ایک کر کے ٹریک کی بحالی کا کام کیا، چھٹی کے دن بھی ریلوے ملازمین کام کرتے ہیں، ان کی حوصلہ افزائی کرنے کی بجائے تنقید کی جاتی ہے جو قابل افسوس بات ہے۔