کراچی‘ لانچ کے خفیہ خانوں سے کروڑوں کی منشیات برآمد
کراچی (سٹاف رپورٹر)پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ نے کھلے سمندر میں لانچ کے خفیہ خانوں سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی ۔ پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی کے اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے خفیہ اطلاع ملنے پر ریڑھی گوٹھ کڈارو کریک کے قریب سمندر میں مشکوک لانچ کی موجودگی کی اطلاع پر کسٹمز افسران اور عملہ کے اپنی اسپیڈ بوٹ پر روانہ کیا ۔اے ایس او کے عملے نے سمندر میں اس مشکوک لانچ کی تلاش شروع کی تو ریڑھی گوٹھ کے قریب کھلے سمندر میں ایک لانچ کو کھڑے دیکھا تو کسٹم افسران اور عملہ نے لانچ کی تلاشی لی جس کے نتیجہ میں لانچ میں خصوصی طور پر بنائے گئے خفیہ خانوں سے کاٹن بیگ میں لپٹے ہوئے 10 پولی تھین پیکٹ، ایمفیٹامائن کرسٹل جن کا کل وزن 10 کلو گرام اور 20 بیگ چرس جن کا کل وزن 200 کلو گرام ہے برآمد کرلی ۔ضبط شدہ منشیات کی کل مالیت 17کروڑ روپے ہے ۔کسٹمز عملے نے 50لاکھ روپے مالیت کی لانچ بھی ضبط کرکے کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے