خیبر پی کے ہیلی کاپٹر قانون میں ترمیم کو مسلم لیگ (ن )نے ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا
پشاور(این این آئی)خیبرپختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال سے متعلق قانون میں ترمیم کو مسلم لیگ (ن)نے پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔مسلم لیگ (ن )کے پارلیمانی لیڈر سردار یوسف نے درخواست دائر کرتے ہوئے صوبائی حکومت اور چیف سیکرٹری کو فریق بنایا ۔انہوں نے درخواست میں موقف اختیار کیاکہ ذاتی مفاد کیلئے کئی گئی ترامیم غیر قانونی ہے، عمران خان ہو یا کوئی اور ہو عوام کے پیسوں پر عیاشی کرنے والے کو معاف نہیں کرسکتے، حکومت نے یہ قانون اکثریت کے بل بوتے پر پاس کیا تھا۔سردار یوسف نے موقف اختیار کیاکہ ہیلی کاپٹر استعمال ترمیم قانون کے منافی ہے، جہاں عوام کے حقوق متاثر ہونگے وہاں ہم میدان میں ہونگے، لوگ راشن نہیں خرید سکتے جبکہ سرکاری ہیلی کاپٹر سیر تفریح کیلئے استعمال ہوگا، ہیلی کاپٹر کے 14سال استعمال کو تحفظ دی جارہی ہے۔انہوں نے درخواست میں کہاکہ صوبائی حکومت نے قانون میں ترمیم کرکے گزشتہ 14سال ہیلی کاپٹر استعمال کو درست قرار دیا تھا، وزرا، مشیر، معاونین، سرکاری افسران کو ہیلی کاپٹر استعمال کی اجازت دی تھی، ہیلی کاپٹر کو نجی استعمال کیلئے کرایہ پر لینے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔