رحیم یار خان میں پراسرار بیماری سے 12 افراد کی ہلاکت‘ وزیراعلیٰ نے رپورٹ مانگ لی
رحیم یار خان‘ لاہور(نیوزرپورٹر+کرائم رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے رحیم یار خان کے نواحی علاقے رکن پور میں پراسرار بیماری سے ایک ہی خاندان کے 12 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری محکمہ صحت اور کمشنر بہاولپور ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سپیشلسٹ ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم علاقے کا دورہ کرے اور متاثرہ افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ محکمہ صحت کے حکام صورتحال کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی میڈیکل کیمپ میں تمام ضروری ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور بیماری کا پھیلاؤ روکنے کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے ہلاکتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زیرعلاج متاثرہ افراد کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرہ خاندان سے اظہارتعزیت کیا۔ دریں اثنا مزید دو کمسن بہنوں دو سالہ حمیدہ اور ایک سالہ خدیجہ کو شیخ زید ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ منتقل کئے جانے والے افراد کی تعداد 11 ہو گئی۔ دو خواتین 50 سالہ حاجراں بی بی اور 45 سالہ آمنہ بی بی کی حالت تشویشناک ہے۔