• news

لاہور ، گوجرانوالہ ، ساہیوال تباہی سے بچ گئے ، 5 دہشتگرد گرفتار ، پشاور میں بھی آپریشن ، 4 ہلاک 

لاہور ( نامہ نگار) لاہور، گوجرانولہ، ساہیوال بڑی تباہی سے بچ گئے۔ کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں انعام الحق، مسکین اللہ، واحد خان، شیر نقیب اور شاہ ولی شامل ہیں۔ ان دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، اسلحہ، خود کش جیکٹ بنانے کا سامان برآمد کیا گیا ہے۔ ملزمان کے خلاف چار مقدمات درج کر کے مزید  تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ پشاور (نوائے وقت رپورٹ) سی ٹی ڈی پشاور ریجن اور سکیورٹی فورسز نے سربند میں آپریشن کیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ سنگو سربند میں دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی۔ دہشت گردوں اور آپریشن ٹیم کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔ تین سے چار دہشت گرد رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے اور متعدد مقدمات میں سی ٹی ڈی کو مطلوب تھے۔ ہلاک دہشت گردوں سے چار کلاشنکوف اور تین ہینڈ گرنیڈ برآمد کر لئے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن