جنیوا کانفرنس لچکدار پاکستان کے سلسلے میں ہو رہی وزیراعظم سے تعمیری بات چیت ہوئی : ترجما آئی ایم ایف
اسلام آباد (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) عالمی مالیاتی فنڈ کی ترجمان ایسٹر پیریز نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان سے ایم ڈی آئی ایم ایف کی جنیوا کانفرنس کے حوالے سے تعمیری بات چیت ہوئی۔ ترجمان آئی ایم ایف کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی ایم ڈی آئی ایم ایف سے 9 جنوری کو جنیوا میں ہونے والی کانفرنس کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ آئی ایم ایف ترجمان نے بتایا کہ جنیوا میں بین الاقوامی کانفرنس لچکدار پاکستان کے سلسلے میں ہو رہی ہے، ایم ڈی آئی ایم ایف نے پاکستان میں سیلاب سے براہ راست متاثر ہونے والوں کے لیے ہمدردی کا اظہار کیا ہے، آئی ایم ایف پاکستان کی سیلاب سے پائیدار بحالی کیلئے مدد کرتا ہے۔ ترجمان آئی ایم ایف نے کہاکہ جنیوا کانفرنس کے موقع آئی ایم وفد کی پاکستانی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات بھی متوقع ہے، وزیر خزانہ سے ملاقات میں نمایاں مسائل آگے بڑھانے پر بات چیت متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان جنیوا کانفرنس میں ڈیڑھ سے دو ارب ڈالر کے لگ بھگ غیر ملکی امداد کے حصول کی کوشش کرے گا۔ اس کے علاوہ سعودی عرب اور چین سے فنانسنگ حاصل کرنے کی بھی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ جبکہ (آئی ایم ایف) کے ساتھ بھی اگلے اقتصادی جائزہ کی تکمیل کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ توقع ہے کہ اگلے ہفتے آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان اقتصادی جائزہ پر بات چیت ہوگی اور اگر جائزہ مکمل ہوگیا تو پاکستان کو آئی ایم ایف سے بھی ایک ارب ڈالر کے لگ بھگ مالیت کی قسط موصول ہو جائے گی۔دریں اثناء اقوام متحدہ میں پاکستانی نمائندہ خلیل ہاشمی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 18 ارب ڈالر میں سے نصف رقم کا بندوبست پاکستان خود کرے گا۔ باقی رقم کا بین الاقوامی برادری کے عطیات ملنے کی امید ہے۔ آئی ایم ایف وفد کانفرنس کے سائیڈ لائن میں پاکستانی وزیر خزانہ سے ملاقات کرے گا۔
ترجمان آئی ایم ایف