آٹے کی فراہمی طلب سے کم شہری خوار سکھر میں ڈاکووں نے سستا آٹا لوٹ لیا
لاہور‘ گوجرہ‘ قلعہ دیدار سنگھ‘ سکھر (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندگان) حکومت نے سستے آٹے کا اعلان تو کیا لیکن سرکاری سکیم کے تحت ملنے والا آٹا مارکیٹ کی طلب سے کم ہے۔ شہری لمبی لمبی قطاروں میں لگ کر آٹا خریدنے کے لئے خوار ہونے لگے۔ بتایا گیا ہے کہ سرکاری سکیم کے تحت سستا آٹا مارکیٹ کی طلب سے کم فراہم ہو رہا ہے‘ شہر میں مختلف مقامات پر ٹرکوں میں سرکاری سکیم کا آٹا سپلائی کیا جا رہا ہے‘ مارکیٹ میں عام برانڈ اور کھلا آٹا من مانی قیمت پر فروخت ہو رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انہیں ایک شناختی کارڈ پر ایک ہی آٹے کا تھیلا دیا جاتا ہے‘ دکانوں پر سرکاری سکیم کے تحت سستے آٹے کی فراہمی طلب کے مقابلے میں کم ہے۔ سرکاری سکیم کے تحت 10 کلو آٹے کے تھیل کی قیمت 648 روپے‘ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1295 روپے مقرر ہے۔ مارکیٹ میں 15 کلو آٹے کا تھیلا 1900 روپے سے زائد پر مل رہا ہے۔ کھلا سرخ آٹا 120 روپے اور سفید فائن آٹا 130 روپے فی کلو ہے‘ چکی آٹا 145 روپے فی کلو بیچا جا رہا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ سرکاری سکیم کے تحت ملنے والا آٹا بہت تھوڑی مقدار میں فراہم کیا جاتا ہے‘ سکیم کے تحت ملنے والے آٹے کی کوالٹی بھی ناقص ہے۔ سکھر میں ڈاکو سستے آٹے کے سٹال سے آٹے کے 20 تھیلے چھین کر فرار ہوگئے۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرکے مطابق سستے آٹے کے عارضی سٹال پر 8 ڈاکو آٹے کے 20 تھیلے چھین کر فرار ہوگئے۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کا کہنا ہے کہ عارضی سٹال پر دو روز میں دو ڈکیتیاں پڑچکی ہیں، پہلی واردات میں 3 ڈاکو 45 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوئے تھے۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کے مطابق دونوں وارداتوں کی اطلاع تحریری طور پر ڈائریکٹر جنرل فوڈ کو دی ہے، اب ہر سٹال پر ایک پولیس اہلکار کو تعینات کیا جائے گا۔ قلعہ دیدار سنگھ‘ دھلے والا کی غلہ منڈیوں میں گندم کی قیمت 5400 روپے فی من تک جا پہنچی، 20 کلو کا تھیلا 300 ‘ لوگ آٹے کے حصول کے لیے مارے مارے پھرنے لگے۔ جبکہ محکمہ فوڈ کے افسران اور ڈپٹی کمشنر گوجرانولہ لوگوں کوآٹے کے لیے ذلیل و خوار ہوتا دیکھنے لگے۔ غلہ منڈیوں اور سٹاکسٹ نے گندم کی قیمت5400 روپے فی من کر دی‘ کھلا آٹا 170 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا،آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمت اور قلت کی وجہ سے غریب لوگوں کو دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل تر ہو کر رہ گیا ہے۔گوجرہ شہر میں خواتین و مرد ایک تھیلا آٹا لینے کیلئے کئی گھنٹے لائن میں لگنے پر مجبور ہو گئے۔ حکومت پنجاب نے عوام کو سستا آٹا کی فراہمی کے لیے محکمہ فوڈ کی نگرانی میں شہر کے مختلف علاقوں میں پوائنٹ بنا رکھے ہیں جہاں پر شہریوں کو دس کلو آٹا کا تھیلا دیا جا رہا ہے۔ محلوں کی کریانہ دکانوں پر بھی آٹا نایاب ہو گیا ہے۔
آٹا
کتا