کرونا 18نئے مریض چین نے 3 سال بعد عالمی مسافروں کیلئے سرحدیں کھول دیں
اسلام آباد‘ بیجنگ (خبر نگار+آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق24 گھنٹوں کے دوران4 ہزار447 کرونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 18افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ مثبت ٹیسٹ کی شرح0.40 فیصد رہی ہے۔ مزید برآں اس دوران کرونا وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 22مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ چین نے کووڈ لاک ڈاؤن کے باعث تین سال سے بند اپنی سرحدیں بین الاقوامی مسافروں کے لئے دوبارہ کھول دیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے مارچ 2020ء میں سفری پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ صرف چینی شہریوں کو اپنے وطن واپس آنے کی اجازت تھی لیکن انہیں 1 ماہ کا قرنطینہ کرنا پڑتا تھا تاہم اب چین نے ایک بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے بین الاقوامی مسافروں کے لئے اپنی سرحدیں دوبارہ کھول دیں۔ غیر ملکی مسافروں اور سیاحوں کو چین پہنچنے پر قرنطینہ بھی نہیں کرنا ہو گا تاہم 48 گھنٹے پہلے تک کا کیا گیا پی سی آر ٹیسٹ منفی ہونا شرط ہے۔ سرحدیں کھولنے کے اعلان کے ساتھ ہی 4 لاکھ افراد نے چین جانے کی درخواست دے دی۔ پہلی فلائٹس سے چین پہنچنے والوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اپنے پیاروں سے ملنے کے لئے بے تاب تھے۔
کرونا