• news

خسارہ کم‘ ٹیکس آمدن بڑھ گئی‘ ملک ڈیفالٹ سے بچا لیا: وفاقی حکومت

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی حکومت نے اپنی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ہے، اسے خوشحال بھی بنائیں گے۔ حکومت کی نو ماہ کی کارکردگی کے چیدہ چیدہ نکات جاری کرتے ہوئے وزارت اطلاعات و نشریات نے بتایا ہے کہ جولائی سے نومبر 2022-23 ء کے دوران کرنٹ اکائونٹ خسارہ میں 57 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، زرعی کریڈٹ میں اس دورانیہ میں 36 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، ٹیکس محصولات میں 17.4 فیصد اضافہ، درآمدات میں 16.2 فیصد کمی کے علاوہ تجارتی خسارہ میں 26 فیصد کمی واقع ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا فنڈ بڑھا کر 364 ارب روپے کردیا گیا۔ جبکہ ڈالر کی اونچی اڑان پر قابو پاتے ہوئے بروقت بیرونی ادائیگیاں یقینی بنائی گئی ہیں۔ کاشتکاروں کیلئے 800 ارب روپے کے تاریخی کسان پیکج کا اعلان کیا گیا ہے۔ جولائی سے نومبر 2021-22  کے دوران کرنٹ اکائونٹ خسارہ 7 ارب 20 کروڑ ڈالر تھا جو رواں سال کے اس دورانیہ میں تین ارب دس کروڑ ڈالر رہ گیا۔ گزشتہ مالی سال کے دوران اسی دورانیہ میں ٹیکس محصولات 2920 ارب تھے جبکہ رواں سال کے اس دورانیہ میں بڑھ کر 3429 ارب روپے ہوگئے۔ گزشتہ سال اس دورانیہ میں درآمدات 29 ارب سات کروڑ ڈالر تھیں جو 16.2 فیصد کمی کے ساتھ 24 ارب 90 کروڑ ڈالر تک آگئیں۔ تجارتی خسارہ17 ارب 40 کروڑ ڈالر سے کم ہوکر بارہ ارب 80 کروڑ ڈالر تک آگیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن