وانا میں قتل ، اغوا ، بھتہ خوری کیخلاف دھرنا تیسرے روز بھی جاری
وانا (نوائے وقت رپورٹ) جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف قبائلیوں اور سیاسی جماعتوں کا دھرنا تیسرے روز میں داخل ہو گیا ہے۔ رستم اڈہ وانا میں مظاہرین سخت سردی میں تین دن سے دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ وانا میں بھتہ خوری، قتل اور اغوا کی وارداتیں بند کرائی جائیں۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جنوبی وزیرستان شبیر حسین شاہ کے مطابق دھرنے میں ڈیوٹی پر تعینات 4 اہلکاروں کو رقص کرنے پر معطل کردیا ہے، چاروں اہلکاروں نے مظاہرین کے ساتھ دھرنے میں رقص کیا تھا۔ ڈی پی او کے مطابق اہلکاروں نے نظم وضبط کی خلاف ورزی کی جس پر تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔