• news

کوئٹہ، وادی نیلم میں برفباری، بارش، استور کا زمینی رابطہ منقطع 

استور + کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے متعدد اضلاع میں بارش کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔ بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود ہے۔ گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ چمن، پشین، مستونگ، بولان، زیارت اور قلات میں بھی بارش ہوئی۔ کالام اور ملحقہ علاقوں میں ہفتے کے روز سے جاری شدید برفباری کا سلسلہ اتوار کے روز بھی جاری ہے۔ برف باری سے ایک طرف سیاح لطیف اندوز ہو رہے ہیں تو دوسری طرف راستے بند ہونے سے مشکلات میں اضافہ بھی ہو گیا ہے۔ آزاد کشمیر وادی نیلم کے بالائی علاقوں گریس، اڑنگ کیل شونٹھر اور سرگن میں برفباری سے موسم سرد ہو گیا۔ برفباری کاسلسلہ مزید ایک روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ برفباری اور سخت سردی کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ استور میں وقفے وقفے سے برفباری کے باعث بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شوگران میں 6 انچ اور کاغان، ناران میں تین انچ تک برف پڑ چکی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن