آٹے کابحران پیدا کرنے میں وفاقی حکومت نے اہم کردار ادا کیا : خرم شہزاد
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر قانون خرم شہزاد ورک نے کہا ہے کہ آٹے کا بحران پیدا کرنے میں وفاقی اور سندھ حکومت نے اہم کردار ادا کیا ہے پنجاب میں آٹے کا بحران چند دنوں میں اپنے انجام کو پہنچ جائے گا پنجاب حکومت نے فلور ملوں کے کوٹے کو ڈبل کر دیا ہے اور سیل پوائنٹ کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس شیخوپورہ میں آٹا بحران کے سلسلہ میں ایک اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس مو قع پر ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ طارق علی بسراء،اسسٹنٹ کمشنر ،پی ٹی آئی کے سینئر رہنماءمیاں منور اقبال ،حاجی غلام نبی ورک ،ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ،انجمن تاجران کے عہدیدران ،چیئر مین مارکیٹ کمیٹی شاہد اقبال گجر اور دیگر بھی موجود تھے ۔
ڈپٹی کمشنر طارق علی بسراءنے بتایا کہ ضلع شیخوپورہ میں 40فلور ملو ں کو سبسڈائز گندم دی جارہی ہیں جہاں سے آٹے کے ٹھیلے شہر کے 540لائسنس ہولڈر دوکانداروں کو فراہم کیے جارہے ہیں شیخوپورہ میں آٹے کا بحران 2,3دن میں مکمل ختم ہو جائے گا انہوں نے کہاکہ ناجائز منافع خور دوکانداروں کیخلاف شکایات پر دو گھنٹے میں ہی ایکشن لیا جائے گا ۔