مکان ہتھیانے کیلئے بد بختوں کا بوڑھی دادی،پھوپھی پربیہمانہ تشدد
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی ) نواحی علاقہ کوہلو والا کی رہائشی رضیہ سلطانہ اور اسکی بیٹی سمیرا گھر میں موجود تھی مکان ہتھیانے کی خاطر ڈنڈوں اور اسلحہ سے مسلح اسکے پوتوں ریحان ،راحیل اور نائلہ بی بی نے کمرے میں داخل ہو کر انہیں بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنا یا ،درد کی شدت سے نڈھال بوڑھی دادی اپنے پوتوں کے آگے ہاتھ جوڑ کر واسطے اور چیخ و پکار کرتی رہی ،لیکن ظالموں کو ترس نہ آیا ، شور کی آوازیں سن کر محلے دار اکٹھے ہو گئے جس پر ملز م دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے ، زخمی ماں بیٹی کو ہسپتال منتقل کیا گیا دوسری جانب رہی سہی کسر تھانہ صدر پو لیس نے تین روز تک با اثر ملزمان کیخلاف ایف آئی آر درج نہ کرکے نکال دی ، تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد پھرتیاں دکھاتے ہوئے پو لیس نے رضیہ سلطانہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا اس حوالے سے پو لیس کا کہنا ہے کہ جلد ملزموں کوگرفتار کر لیا جائے گا۔