عمران پرویز الہی ملاقات عوام کو ریلیف دینے اعتماد کے ووٹ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور راسخ الٰہی کی زمان پارک میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ عمران خان نے تمام ایشوز پر کھل کر گفتگو کی اور خاص طور پر آٹے کی صورتحا ل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پنجاب میں آٹے کی سپلائی کو بہتر بنانے کیلئے سرکاری گندم کا کوٹہ دوگنا کر دیا ہے۔ ملاقات میں پنجاب اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ کی حکمت عملی اور پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ عمران خان نے کہا کہ 13 جماعتوں پر مشتمل حکومتی ٹولے نے چند ماہ کے اندر معیشت تباہ کر دی ہے، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے۔ معیشت کو سنبھالنے کے دعویدار آج خود اغیار کے پاؤں میں گرے ہوئے ہیں۔ لاؤ لشکر سمیت جینوا جا کر بھیک مانگتے انہیں شرم نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ آج معیشت نہ سنبھلی تو کل اس کا نقصان ریاست کو ہوگا۔ اقتدار کی ہوس میں اندھے حکمران مہنگائی کا طوفان لے کر آئے ہیں۔ پنجاب حکومت کی ڈائریکشن مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک پر مسلط بے حس ٹولے نے غریب آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ یہ لوگ عوام کے مسائل پر توجہ دینے کی بجائے این آر او کے ذریعے اپنے آپ کو کلیئر کرانے میں لگے ہیں۔ عمران خان ہمارے لیڈر ہیں، ہر فیصلے میں ساتھ کھڑے رہیں گے۔ ہمارا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مخالفین کی سیاست کو زیرو کر دیا ہے۔ 13 جماعتوں پر مشتمل حکومتی اتحاد بھکاریوں کا ٹولہ بن چکا ہے۔ یہ سب مل کر بھیک مانگ رہے ہیں۔ عالمی مالیاتی اداروں کا حکومت پر اعتماد ختم ہوچکا ہے۔ وزیراعلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہمارے ہر اقدام کا محورعام آدمی کی فلاح وبہبود ہے۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھارہے ہیں۔ عمران خان سے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے ان کی رہائش گاہ زمان پارک میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ امور، باہمی دلچسپی کے معاملات، انسانی حقوق کے تحفظ، کرپشن اور منی لانڈرنگ کے ذریعے ترقی پذیر ممالک سے سرمائے کی ترسیل کے تدارک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، فواد حسین چودھری اور فرخ حبیب سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
عمران پرویز الٰہی