• news

حج: پاکستان کا پرانا کوٹہ بحال، سعودی عرب کا 19 ممالک کے ساتھ معاہدہ 


مکہ مکرمہ؍ جدہ؍ اسلام آباد (ممتاز احمد بڈانی+ امیر خان سے+ نامہ نگار) سعودی عرب نے پاکستان کا پرانا حج کوٹہ بحال کر دیا اور عمر کی بالائی حد 65 سال بھی ختم کر دی ہے۔ دوسری طرف سعودی عرب نے پاکستان سمیت 19 ممالک  کے ساتھ حج سے متعلق معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ تفصیل کے مطابق پاکستان انڈیا، ایران، ترکی، سوڈان، یمن، گھانا، ازبکستان، ملائیشیا اور بحرین سمیت  19 ممالک نے  معاہدے پہ دستخط کئے۔ پاکستان کی طرف سے وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور ، قائم مقام ڈائریکٹر جنرل حج ساجد منظور اسدی نے معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدوں کا تعلق عازمین کی تعداد، آمد اور روانگی کے علاوہ پیش کی جانے والی خدمات سے ہے۔ یہ بات سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بتائی، ساجد منظور اسدی، معاون ڈائریکٹر جنرل حج (پاکستان) بتایا کہ  اس سال پاکستان سے ایک لاکھ 80ہزار عازمین حج سعودی عرب آئینگے۔  وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور سعودی عرب کی دعوت پر 4روزہ عالمی حج کانفرنس میں شرکت کیلئے جدہ گئے ہیں۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق کانفرنس کے شرکاء کو سعودی ویژن 2030ء کی روشنی میں جدید حج انتظامات اور سہولیات پر بریفنگ دی جائے گی۔ مفتی عبدالشکور نے گذشتہ روز بس ٹرانسپورٹ کمپنی نقابہ سیارات کے چیئرمین اسامہ سمکری سے ملاقات کی، منی ، مزدلفہ، عرفات میں حجاج کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی پر  تبادلہ خیال کیا گیا، امسال حج درخواست گذاروں کیلئے پاکستان میں بنک اکاونٹ ہونا لازمی ہو گا۔ حج 2023ء کے درخواست گذاروں کیلئے پاکستانی مشین ریڈایبل پاسپورٹ کی میعاد 26دسمبر، 2023ء ہو گی۔ ترجمان کے مطابق حج درخواستیں فروری کے آخر تک طلب کیے جانے کا امکان ہے۔ کابینہ کی منظوری کے بعد وفاقی وزیر مذہبی امور حتمی حج پالیسی2023 ء کا اعلان کرینگے۔سعودی وزیر حج و عمرہ نے کہا کہ عازمین حج کی انشورنس 73 فیصد کم کر دی گئی۔ انشورنس 109 ریال سے کم کر کے 29 ریال کر دی گئی۔ عمرہ ویزے کی میعاد 30 سے بڑھا کر 90 روز کر دی۔ عمرہ زائرین کو کسی بھی شہر کے سفر کی اجازت ہوگی۔ عمرہ زائرین کی انشورنس میں بھی 63 فیصد کمی کر دی گئی۔ انشورنس 235 ریال سے کم کر کے 28 ریال کر دی ہے۔

حج کوٹہ بحال 

ای پیپر-دی نیشن