• news

روس سے گندم آگئی  آٹا  بدستور غائب  دھکم پیل تشدد سے بچہ زخمی


اسلا م آباد؍کراچی؍ حافظ آباد؍ ہارون آباد؍ میاں چنوں؍ کوٹ ادو (نامہ نگار+ نمائندگان) ملک میں آٹے کی قلت دور کرنے کیلئے روس سے حکومتی سطح پر منگوائی جانے والی گندم کی پہلی کھیپ کراچی پہنچ گئی ہے۔ وزارت فوڈ سکیورٹی حکام نے بتایا کہ روس سے گندم کے دو جہاز پہنچے ہیں۔ روس سے مزید ساڑھے 3 لاکھ ٹن گندم بذریعہ گوادر پاکستان پہنچے گی۔ حکومتی سطح پر مجموعی طور پر ساڑھے 7 لاکھ ٹن گندم درآمد کی جا رہی ہے۔ 30 مارچ تک روس سے حکومتی سطح پر درآمد کی جانے والی گندم کے تمام جہاز پاکستان پہنچ جائیں گے۔ مختلف ممالک سے اب تک ساڑھے تین لاکھ ٹن گندم کراچی پورٹ آچکی ہے۔ ذرائع وزرات نیشنل فوڈ سکیورٹی کے مطابق ملک میں گندم کے 44 لاکھ 37 ہزار میٹرک ٹن سٹاک موجود ہیں جو اپریل کے آخر تک کے لیے کافی ہیں۔ 13 لاکھ میٹرک ٹن درآمدی گندم اس کے علاوہ ہے۔ پنجاب کے پاس 22 لاکھ 5 ہزار میٹرک ٹن سٹاک ہے جو 106 دن کے لیے کافی ہے جبکہ پنجاب میں مقامی نئی گندم 82 دن میں آجائے گی۔ سندھ کے پاس 8 لاکھ 37 ہزار میٹرک ٹن گندم ہے، جو 98 دن کے لیے کافی ہیں۔ سندھ میں نئی مقامی گندم 70 دن میں آجائے گئی۔ کے پی کے پاس 6 لاکھ 46 ہزار میٹرک ٹن گندم موجود ہے جو 152 دن کے لیے کافی ہے۔ وفاق نے صوبوں کو پاسکو سے مزید گندم دینے کی آفر کی ہے۔ میاں چنوں میں آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے صبح سویرے سے ہی سرکاری آٹے کے حصول کیلئے طویل قطاروں کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ گھنٹوں انتظار کے بعد بھی نصف سے زائد شہریوں کو مایوسی کے سوا کچھ  نہیں ملتا،  یوٹیلٹی سٹورز پر بھی آٹا نایاب ہے۔ ہارون آباد میں بھی آٹا نایاب ہو گیا۔ لاکھوں افراد پر مشتمل آبادی کے لیے چند سو آٹے کی تھیلیاں آتی ہیں، سخت سردی میں بوڑھے، جوان، خواتین اور بچے لمبی قطاروں میں لگے آٹے کے حصول کے لیے خوار ہونے پر مجبور ہیں۔ دل دہلا دینے والی دھکم پیل کے بعد کسی کو آٹا ملتا ہے اور کوئی ناکام و نامراد گھر کو لوٹ جاتا ہے۔ حافظ آباد میں گندم کی قیمت 4500روپے من سے تجاوز کرنے کے بعد ضلع بھر میں سستے آٹے کے لئے قائم کردہ سپیشل سیلز پوائنٹس پر خریداروںکی لمبی لمبی لائنیں دکھائی دینے لگیں۔ ذرائع نیشنل فوڈ سکیورٹی کے مطابق ملک میں گندم کا 44 لاکھ 37 ہزار میٹرک ٹن سٹاک موجود ہے۔ گندم کا موجود سٹاک اپریل کے آخر تک کیلئے کافی ہے۔ 13 لاکھ میٹرک ٹن درآمدی گندم موجود سٹاک کے علاوہ موجود ہو گی ۔  ملتان سمیت ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز اور آٹے کے سیل پوائنٹس  پر صبح سے شام تک آٹے کے حصول کے لیے عوام کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں جہاں 10 کلو کے اٹے کا تھیلا 648 روپے میں حاصل کرنے کے لیے  خواتین اور بچوں بزرگوں کی کثیر تعدادخوار ہورہی ہے۔ خبر نگار خصوصی کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ آصف رضا نے چوک کمہارانوالہ کے سیل پوائنٹس پر محمد عرفان اور محمد شان سے سرکاری آٹے کے تھیلے برآمد کرکے ملزم حوالات بند کردیئے۔ کوٹ ادو سے خبر نگار کے مطابق موضع چوہدری کے رہائشی جماعت اسلامی کے کارکن لعل شاہ کا 12سالہ بیٹا محمد شایان اقبال پارک کوٹ ادو میں لگے سرکاری آٹا پوائنٹ پر 3دن سے آٹا لینے کیلئے لائن میں لگنے کے بعد خالی ہاتھ واپس جاتا رہا، گزشتہ روز صبح کے وقت بچہ لائن میں لگا اور کئی گھنٹے بعد جب اسکی باری آئی بھگدڑ پر عملہ نے سامنے رکھی کرسی اٹھاکر ماری جو کہ بچے کے سر میں لگی۔

روسی گندم 

ای پیپر-دی نیشن