• news

21 بلز کی منظوری،اسمبلی کارروائی سبوتاژ کرنیوالوں کیلئے جواب ہے:بشارت راجہ


لاہور(نیوزرپورٹر)وزیر پارلیمانی امور، تحفظ ماحول و کوآپریٹوز محمد بشارت راجہ نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی کارروائی سبوتاژ کرنے کی کوششوں کا حکومت نے 21 بل پاس کر کے جواب دیا ۔ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوموار کا دن پنجاب اسمبلی کا تاریخی دن تھا۔ صبح 11 بجے سے شام 7 بجے تک ن لیگ کی مرکزی قیادت سب پنجاب اسمبلی میں موجود رہی۔ راجہ بشارت نے رانا ثنا اللہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حیرانگی ہے ملک کا وزیر داخلہ جس کی امن و امان سمیت دیگر اہم ذمہ داریاں ہیں لیکن وہ سب کچھ چھوڑ کے تخریب کاری میں لگا رہا۔ لیکن ہمارے ارکان نے جس جرات و ہمت کے ساتھ اپوزیشن کے منصوبے کو ناکام بنایا اس کی مثال نہیں ملتی۔ امپورٹڈ ٹولے کی طرف سے تاثر یہ دیا جا رہا تھا کہ وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کو ایوان کی اکثریت کا اعتماد حاصل نہیں لیکن آپ دیکھ لیں آج ایک روز میں تاریخ میں سب سے زیادہ یعنی 21 بل پیش کئے گئے۔ ان لوگوں کو اگر جمہوریت اور عوام کی فکر ہوتی تو عوامی مفاد کے بلوں پر ترامیم پیش کر سکتے تھے لیکن افسوس اپوزیشن نے 21 میں سے کسی ایک بل پر بھی ترمیم نہیں دی۔

ای پیپر-دی نیشن