ڈیفالٹ نہیں ہوگا، عمران کی نااہلی 99.99 فیصد ہوگئی: فیصل واوڈا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں عدم اعتماد ہوا تو پرویز الٰہی کو بری طرح شکست ہو گی اور اس کی سیاست خراب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سمجھداری کی سیاست ہوئی تو اکتوبر میں الیکشن ہو جائیں گے۔ پاکستان کسی صورت میں بھی ڈیفالٹ نہیں ہوگا۔ عمران خان کو روک روک کر تھک گئے کہ ارد گرد کے لوگ آپ کو نااہل کرا کے چھوڑیں گے۔ عمران خان کی نااہلی 99.99 فیصد نظر آ رہی ہے۔ وزیراعظم کے وفد کے ہمراہ دورہ جنیوا کے حوالے سے کہا کہ ملک میں آٹا کھانے کو نہیں لیکن جہازوں کیلئے ایندھن ہے۔ اس بار بھی فوج ہی پیسہ لاکر دے رہی ہے۔ پنجاب میں کرپشن جاری ہے۔ لاہور میں تین ہزار ارب روپے کی چوری ہو رہی ہے۔