پتوکی، سوہدرہ، گیس کی لوڈ شیڈنگ، عوام کا شدید احتجاج
پتوکی؍سوہدرہ (نامہ نگار) پتوکی، سوہدرہ اور گردو نواح میں سوئی گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ پر گھروں کے چولھے ٹھنڈے ہو گئے ہیں، جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔ طلباء اور ملازمین بغیر ناشتہ کئے سکولوں اور ڈیوٹی پر جانے لگے۔ غریب شہری مہنگے داموں سلنڈر کی خریداری کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ گیس کی بندش سے شہر بھر کے ہوٹلوں پر عوام کا رش لگ گیا اور تنوروں پر بھی روٹی حاصل کرنے کے لئے لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ گیس کو حاصل کرنے کے لئے لوگوں نے اپنے گھروں میں غیر قانونی کمپریسر لگا رکھے جس کی وجہ سے دوسرے گیس کے صارفین پریشان ہیں۔ پتوکی محلہ ملک پورہ، مدینہ کالونی، محلہ احمد نگر، مین بازارسمیت شہر بھر میں سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کر دیا۔ غریب شہری لکڑیاں جلا کر کھانا پکانے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ لکڑیوں کے دھواں سے ماحولیاتی آ لودگی میں اضافہ ہو رہا ہے جو کہ سموگ کا بھی باعث بن رہا ہے۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے گیس لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ فوری طور پر حل کرنے کا مطالبہ کیا۔