عمران حملہ کیس‘ ملزم نوید کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد‘ جیل بھیج دیا گیا
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی‘ آئی این پی) خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی پر قاتلانہ حملہ کیس میں مرکزی ملزم نوید کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کو مسترد کر دیا۔ ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا کر آئندہ مقدمہ کی سماعت 23 جنوری تک ملتوی کر دی۔ جے آئی ٹی کی ٹیم نے مرکزی ملزم نوید کو سخت حفاظتی پہرہ میں پیش کیا۔ دوسری جانب احاطہ عدالت میں ملزم کے وکیل میاں دائود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقدمہ میں چھ درخواستیں عدالت میں جمع کروائی گئیں۔ عمران خان اور دیگر زخمیوں کے پولی گرافک ٹیسٹ کی درخواستیں دی گئیں۔ تمام زخمیوں کے پولی گرافک ٹیسٹ سے مزید حقائق سامنے آئیں گے۔ عمران خان اور سینیٹر اعجاز چودھری سمیت دیگر زخمیوں کے موبائل فونز کا فرانزک کروانے کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے 6 متفرق درخواستوں پر 19 جنوری تک جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔