درآمدات میں کمی کو معاشی بحالی کہنا امپورٹڈ حکومت کی جہالت: مسرت چیمہ
لاہور (نیوز رپورٹر) امپورٹڈ حکومت درآمدات میں کمی کو معیشت کی بحالی کہنا امپورٹڈ حکومت کی جہالت جو کبھی نہ دیکھی۔ ان نااہلوں کو کوئی بتائے کہ مشنری کی امپورٹس میں کمی کا مطلب پیداوار میں کمی اور بیروزگاری ہوتا ہے۔ جب کچھ تجارت ہی نہیں ہوگی تو تجارتی خسارہ بھی نہیں ہوگا۔ اسحاق ڈار نے سرکاری خزانہ خالی کرنے کے بعد پاکستانیوں کی جمع پونجی پر نظر رکھ لی ہے۔ زر مبادلہ کے ذخائر ساڑھے چار ارب ڈالر سے کم ہیں۔ اسحاق ڈار کا 10 ارب ڈالر کا بیان مضحکہ خیز ہے۔ یہ بات ترجمان وزیر اعلیٰ و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ 1998ء میں بھی ڈالر چور نے شہریوں کے ڈالر اکاؤنٹ خالی کر دیئے۔ اسحاق ڈار کے بیان کے بعد سرمایہ کاروں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ الیکشن کمشن کا ایک اور فیصلہ ملکی معیشت کے قاتل اسحاق ڈار کے حق میں آ گیا۔ نا اہلی کی بجائے 60 دن میں حلف اٹھانے کے قانون کو پس پشت ڈالتے ہوئے اسحاق ڈار کو غیر قانونی ریلیف دیا گیا۔ ن لیگ کی قیادت اقتدار میں نہ ہو تو ملک میں بھی نہیں ہوتی یہ صرف اقتدار کی کرسی پر براجمان ہونے کیلئے ملک میں آتے ہیں۔ وفاق کی نا اہلی سے آٹے کیلئے لوٹ مار شروع ہو چکی ہے۔ وزراء پوری وفاقی کابینہ دیوالیہ ہونے کی خبریں سنا رہی ہے جبکہ امپورٹڈ حکومت کو مزید مرسڈیز خریدنے کا شوق چڑھ گیا ہے۔ ان لوگوں کے اقدامات غریب عوام کے دلوں پر خنجر چلانے کے مترادف ہیں۔