تینوں پارٹیاں چلے کارتوس‘ عوام آزمائے چہروں سے نجات حاصل کریں: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے معاشی بدحالی کے ساتھ ساتھ امن و امان کی صورت حال بھی انتہائی خراب ہو گئی ہے۔ پی ڈی ایم اتحاد کو اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن میں ناکامی صاف نظر آ رہی تھی، اس لیے لوکل گورنمنٹ الیکشن رکوا دیے۔ حکمران تاجر دوست پالیسیاں بنانے کی بجائے ان کے معاشی قتل کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ دنیا کا بڑا زرعی ملک ہونے کے باوجود لوگ آٹے کی قطاروں میں کھڑے ہیں۔ مہنگائی سے ہر شخص پریشان ہے، حکمرانوں کو فکر نہیں۔ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی چلے ہوئے کارتوس، عوام ووٹ کی طاقت سے ان آزمائے ہوئے مہروں سے نجات حاصل کرے۔ جماعت اسلامی مہنگائی کے خلاف احتجاجی تحریک کو حتمی مرحلے تک لے کر جائے گی۔ عوام سے مظاہروں میں شرکت کی اپیل ہے۔ قوم اپنے حق کے لیے آواز اٹھائے اور جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کو مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ تنظیم مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران انھوں نے صدر تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چوہدری سے ان کے جواں سالہ بھائی محمد فیصل چوہدری کی وفات پر اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ تاجر رہنما ضیاء احمد، فہد اظہر، عمران بخاری، امتیاز عباسی، سعید کھوکھر، اسامہ طاہر، جاوید اعوان، شہیر علی و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ موجودہ معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا۔ تاجروں نے امیر جماعت کو حکومت کے مارکیٹوں کو رات ساڑھے آٹھ بجے اور شادی ہالز کو رات دس بجے بند کرنے کے فیصلہ کے مضمرات سے آگاہ کیا اور کہا کہ ایسے فیصلے تاجروں کے معاشی قتل کے مترادف ہیں۔ تھوپے گئے فیصلوں سے توانائی کی بچت نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ عوام ہر شہری مں آٹے کے حصول کیلئے لائنوں میں لگ کر گھنٹوں انتظار کرتے ہیں۔ حکمران طبقہ کو اپنی عیاشیوں سے فرست نہیں۔