رمضان شوگر ملز چلانے کیلئے فوری حکم جاری کرنے کے استدعا مسترد
لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ میں رمضان شوگر ملز کو این او سی جاری کرنے سے متعلق سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ کے روبرو انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی گئی ہے۔ یہ اپیل پنجاب حکومت نے دائر کی ہے۔ پنجاب حکومت نے اپیل میں سنگل بنچ کے فیصلہ پر عمل درآمد روکنے کی استدعا کی ہے اور موقف اپنایا ہے کہ رمضان شوگر ملز کے ڈائریکٹر سلیمان شہباز اشتہاری رہ چکے ہیں، سلیمان شہباز کے خلاف معاملہ نیب میں زیر التوا ہے۔ سنگل بنچ کا رمضان شوگر ملز کو این او سی جاری کرنے کا فیصلہ حقائق کے برعکس ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔ دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ نے شریف خاندان کی ملکیتی رمضان شوگر ملز کو عدالتی حکم کے باوجود لائسنس جاری نہ کرنے کے خلاف درخواست پر ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو آج ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے رمضان شوگر ملز چلانے کیلئے فوری حکم جاری کرنے کی استدعا مسترد کر دی ہے۔