اکیکشن وقت پر پنجاب میں تبدیلی ضرور ہو گی ، پا ور شیئرنگ فارمولے کا علم نہیں خواجہ آصف
لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نوازشریف کی واپسی کسی چیز سے مشروط نہیں۔ عدالتی معاملات پر کوئی ریڈلائن کراس نہیں کروں گا۔ مریم نواز کو پارٹی کا آرگنائزر لگانا اچھی بات ہے۔ الیکشن وقت پر ہی ہوں گے۔ پنجاب حکومت کے پاس ووٹ پورے ہیں تو اعتماد کا ووٹ کیوں نہیں لے رہے۔ پرویزالٰہی ہمارے قریب آئیں اللہ وہ نوبت نہ لائے۔ پاور شیئرنگ فارمولے کا کوئی علم نہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ میرے خیال میں اسمبلی کے اندر ہمارے بے شمار بندے موجود ہیں۔ عمران خان کی اصلیت سامنے آنے پر لوگ مایوس ہورہے ہیں۔ وہ لوگ اپنے لیے نئی پارٹیاں، نئی پناہ گاہیں ڈھونڈ رہے ہیں۔ جب کسی پارٹی کی مقبولیت کا گراف گرتا ہے تو لوگ نئی پارٹیوں میں جاتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد صوبہ جس کے پاس ہے وہی آٹا بحران کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تبدیلی ضرور ہوگی۔ عمران خان کے مبینہ ڈاکو کو فارغ تو ہونا ہے۔