پاکستان میں حکومت کی تبدیلی کا الزام امریکہ پر لگانا بہتان ہے: مشیر جوبائیڈن
لاہور (خاور عباس سندھو+ سپیشل کارسپانڈنٹ) امریکی صدر جو بائیڈن کے ایڈوائزر شاہد خان نے کہا کہ پاکستان کی جتنی امداد امریکہ نے کی کسی اور ملک نے نہیں کی۔ امریکہ نے پاکستان میں ایک بھی پروگرام بند نہیں کیا۔ یوایس ایڈ، سکالرشپ اور فوجی سپورٹ کے تمام پروگرام جاری ہیں۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلاب سے ہونے والی تباہی اور نقصانات کے بارے میں صدر جو بائیڈن کو خود بریفنگ دی۔ پاکستانی حکام نے جو اعدادوشمار بتائے وہ درست نہیں تھے، نقصان اس سے کہیں زیادہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ان کی حکومت کی تبدیلی میں امریکہ پر مداخلت کا الزام لگانا بہتان کے سوا کچھ نہیں۔ عمران خان صرف پاکستان میں امریکی مخالف جذبات کا فائدہ اٹھا کر اپنی انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ امریکی صدر کے ایڈوائزر شاہد خان نے کہا کہ پاکستان کو آگے بڑھنا ہے تو یکساں نظام تعلیم کا نفاذ اور صوبوں کو انتظامی یونٹس میں تقسیم کرنا ہو گا۔ انہوں نے امریکہ کو زوال نہیں ہے کیونکہ امریکہ اپنے بزرگوں بچوں، یتیموں، بیروزگاروں کے حقوق پورے کررہا ہے۔ روس سے سستا تیل خریدنے کے حوالے سے شاہد خان نے کہا کہ امریکہ کو اس بات پر کوئی اعتراض نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پارلیمانی نظام بھی خرابیوں سے مزین ہے جسے بدلنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے صرف فوجی حکام دنیا میں ہر قسم کی معلومات سے آگاہ اور مطالعہ سے لبریز ہوتے ہیں۔ جب امریکی حکام سے ملتے ہیں تو پاکستانی عسکری حکام کی ذہانت اور معلومات سے امریکی حکام حیران ہو جاتے ہیں۔