• news

 میدانی علا قوں میں بارش ، سردی بڑھ گئی ،دھند سے حادثات ، 2طلبا سمیت 11جاں بحق 


لاہور، فیروزوالہ، شرقپور، قصور، واربرٹن، بھکھی (سپیشل رپورٹر+ نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت+ این این آئی) ملک کے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ دیر بالا کے بالائی علاقوں سمیت لواری ٹنل میں 8انچ تک برف ریکارڈ کی گئی۔ دھند کے سبب ٹریفک حادثات میں مزید 11 افراد جاں بحق ہو گئے۔ دیر شہر میں موسم کی پہلی برف باری کے بعد دیر ٹائون سمیت بالائی علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی۔ پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ متاثر ہونے پر مختلف مقامات سے موٹرویز بند کردی گئیں۔ ملتان ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل جبکہ لاہور ایئرپورٹ پر متعدد پروازیں تاخیر کا شکار اور دو منسوخ ہوئیں۔  محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم سرد رہے گا۔ سب سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی 8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ فاروق آبادکے قریب موٹر سائیکل اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان تصادم  میں 2 طالبعلم جاں بحق ہو گئے۔ اسامہ ولد سردار اور عمر ولد احسان موٹرسائیکل پر جا رہے تھے کہ شدید دھند کے باعث  4 چک رسالہ روڈ نزد دھامونکی موٹر سائیکل اور تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان تصادم ہو گیا۔  ریسکیو 1122کی امدادی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر  نعشیں لواحقین کے سپرد کر دیں۔ جاں بحق طلبا کی اسامہ ولد سردار 18سال اور عمر ولد احسان  8سال دونوں چھٹیاں ختم ہونے کے بعد پڑھنے کے لئے جارہے تھے۔ اطلاع ملنے پر گائوں میں کہرام برپا ہو گیا، ملتوفی کزن تھے، مقدمہ درج اور ڈرائیور فرار ہو گیا۔ واپڈا ٹائون امیر چوک میں دو موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرانے کے باعث 2نوعمر لڑکے جاں بحق ہوگئے۔ شناخت 15 سالہ علی اور 14سالہ فہد کے نام سے ہوئی۔ ہارون آباد میں بھی ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں کار اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ڈسکہ میں نوجوان عبدالجبار موٹرسائیکل پر گائوں کی طرف جا رہا تھا جب وہ راجہ گھمان کے قریب پہنچا تو اس کو شدید دھندکے باعث سامنے سے آنے والے تیز رفتار ڈمپر نے ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں موٹرسائیکل سوار نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ جی ٹی روڈ ٹول پلازہ رانا ٹائون کے قریب رکشہ کا ٹائر پھٹنے سے الٹ گیا جس کے نتیجے میں رکشہ سوار محمد یوسف جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ قصور فیروزپور روڈ مصطفی آباد ٹول پلازہ کے قریب دھند کے باعث فیکٹری بس کی دو موٹر سائیکلوں کو ٹکر کے نتیجہ میں 3 افراد جاں بحق اور تین افراد زخمی ہو گئے۔ مرنے والوں میں لاہور کے رہائشی شفاقت اور سرہالی کلاں کے رہائشی وقاص اور اویس شامل ہیں جبکہ زخمیوں کو ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیم نے علاج کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ پولیس تھانہ مصطفی آباد نے بس کو قبضہ میں لیکر کارروائی شروع کر دی۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کل بدھ سے جمعہ کے دوران پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں شمالی بلوچستان کے علاقوں میں 10 جنوری رات سے داخل ہونگی۔ 11 سے 13 جنوری کے دوران مری میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ شدید برفباری سے سڑکیں بند اور گاڑیوں کی آمد ورفت میں خلل کا امکان ہے۔  اسی دوران مری میں چند مقامات پر شدید برفباری کا بھی امکان ہے۔ بارش کے دوران اور بعد میں درجہ حرات میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔  مسافر حضرات کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے محتاط رہیں اور ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔ مزید یہ کہ 11 اور 13جنوری کے دوران اسلام آباد، لاہور، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، بھکر اور لیہ میں بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، قصور، ساہیوال، اوکاڑہ  میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش کی توقع ہے اور 11اور 12 جنوری کو  ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، ملتان، خانیوال اور پاکپتن میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ ننکانہ صاحب شہر اور گردونواح میں شدید دھند کا راج ہے، حد نگاہ صفر ہوگئی، مختلف حادثات میںایک شخص جاں بحق متعدد شدید زخمی ہوگئے۔ ننکانہ بچیکی روڈ پر واقع چک نمبر 565کے قریب شدید دھند کے باعث ایک تیز رفتار موٹر سائیکل بے قابو ہوکر ٹریکٹر ٹرالی کے ساتھ ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں 45سالہ ریاست شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ فیض آباد کے قریب ایک تیز رفتار رکشہ دھند کے باعث ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گیا جس کے نتیجہ میں 45 سالہ ریاض، چک جھمبرہ روڈ شاہکوٹ کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل بے قابو ہوکر گنے سے لدی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکراگئی، حادثہ کے نتیجہ میں 27 سالہ احتشام اور 24 سالہ حسن شدید زخمی ہوگئے۔ ٹرک اور موٹرسائیکل کے تصادم میں 45سالہ ذوالفقار علی شدید زخمی ہوگیا۔ ٹرک نے سڑک کراس کرتے ہوئے 48سالہ نسیم بی بی کو کچل ڈالا جسے تشویشناک حالت کے پیش نظر سرکاری ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن