• news

3فا رمیٹ ، 3کپتان بہتری کیلئے نئے فارمولے پر غور


لاہور ( سپورٹس رپورٹر) تین فارمیٹ 3کپتان، قومی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کیلئے نئے فارمولے پر غور شروع ہو گیا ہے۔قومی ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے تینوں طرز میں الگ کپتانوں کے تقرر پر غور شروع ہو چکا، ٹیسٹ میں قیادت سرفراز احمد کو سونپنے کا امکان ہے، بابر اعظم بدستور ٹی 20 میں فرائض نبھاتے رہیں گے۔شان مسعود کو ون ڈے میں کپتان بنانے کی باتیں ہو رہی ہیں۔پاکستان ٹیم گذشتہ سال ہوم گراؤنڈ پر کوئی ٹیسٹ نہ جیت سکی، اسے مسلسل 4 میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، آسٹریلیا کے بعد انگلینڈ سے بھی سیریز میں شکست ہوئی، اس دوران بابر اعظم کی انفرادی کارکردگی تو بہتر رہی مگر قیادت پر سوال اٹھائے گئے۔پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی سمجھتی ہے کہ ٹاپ بیٹر پر کام کا دباؤ بہت زیادہ ہے، بیٹنگ کے ساتھ انہیں قیادت کے معاملات بھی دیکھنا پڑتے ہیں اسی لیے تینوں طرز میں الگ کپتان مقرر کرنے پر غور ہونے لگا ہے، بابر کو ٹی 20 میں قائد برقرار رکھا جائے گا، ان کی زیرقیادت قومی ٹیم نے گذشتہ سال ورلڈکپ کا فائنل کھیلا تھا۔ٹیسٹ میں ایک بار پھر سرفراز احمد کو ذمہ داری سونپی جا سکتی ہے، انھوں نے کیویز کیخلاف سب سے زیادہ رنز بنائے اور پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔دوسرے ٹیسٹ میں سرفراز کی سنچری سے تقویت پا کر پاکستان نے شکست کو پرے دھکیلا تھا، ون ڈے میں شان مسعود کو کپتان بنانے کا امکان بڑھ گیا ہے، انہیں تجربہ دلانے کیلئے ہی کیویز سے میچز میں نائب قائد مقرر کیا گیا ہے البتہ شان پر واضح کر دیا گیا کہ انہیں اپنی انفرادی کارکردگی بہتر بنانا ہو گی، اگر ایسا نہ ہوا تو دیگر آپشنز پر غور ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن