اہم سما عت آج ، وزیراعلی رہنے کیلئے اعتماد کا ووٹ ضروری : گورنر
لاہور (نیوز رپورٹر) مسلم لیگ ن کی قیادت نے آج عدالتی کارروائی سے متعلق لائحہ عمل طے کر لیا ہے۔ ارکان صوبائی اسمبلی اور کارکنوں کو عدالت کے باہر رہنے کی ہدایت دی ہے۔ اس حوالے سے گورنر ہائوس میں ن لیگ کا اجلاس ہوا جس میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سمیت وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وفاقی وزراء خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق، رانا مشہود سمیت متعدد اراکین نے شرکت کی جس میں طے پایا کہ ارکان اسمبلی لاہور میں رہیں گے۔ اسمبلی اجلاس میں شریک ہونگے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے عدم اعتماد کا ووٹ نہیں لیا اس لئے وہ اس عہدے پر نہیں رہ سکتا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی گورنر پنجاب کے آئینی اختیارات میں مداخلت نہیں کرسکتا۔ اجلاس میں یہ طے پایا کہ اراکین اور کارکن عدالت کے فیصلے کے وقت عدالت کے باہر موجود رہیں گے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ کے اعتماد کا ووٹ لینے کے معاملے پر آج لاہور ہائیکورٹ میں اہم سماعت ہو گی۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے لاہور میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے الوداعی ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کرسچن ٹرنر کی پاکستان میں بطور ہائی کمشنر قیام کے دوران خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص تجارتی تعلقات کو وسعت دینے میں اہم کردار ہے۔