جنیوا کانفرنس کی کامیابی اتحادی حکومت کی کوششوں کا اعتراف: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جنیوا کانفرنس پاکستان اور سیلاب متاثرین کے لئے بڑی کامیابی ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ، عالمی برادری کا شکریہ ادا کرتے ہیں، شفافیت کے ساتھ فنڈز کی امانت عوام کو پہنچائیں گے، ان کی زندگیوں میں تبدیلی لائیں گے۔ منگل کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا یہ کانفرنس انسانیت کے اجتماعی احساس کی علامت بنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کی فراہمی سے سیلاب متاثرین کی نئی اور بہتر زندگی شروع کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب آتے ہی وزیراعظم شہباز شریف نے تمام صوبوں اور اداروں کو ساتھ لے کر جس طرح اجتماعی کوششیں کیں، یہ اس کے ثمرات ہیں۔ یہ اتحادی حکومت کی مشترکہ کوششوں کا عالمی سطح پر اعتراف ہے۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سمجھتے ہیں کہ پاکستان کے تمام علاقوں کی نمائندگی کے ذریعے پاکستان کا کیس زیادہ بہتر طور پر پیش کیا جاسکتا ہے۔ پیر کی رات اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ریزیلینٹ پاکستان کے لئے اس کانفرنس میں تمام صوبوں کی نمائندگی موجود ہے۔