• news

ہمارے نمبر پورے، 4 لیگی ارکان رابطے میں ہیں: خرم شہزاد ورک 


شیخوپورہ ؍ لاہور (نمائندہ خصوصی+ آئی این پی) صوبائی وزیر قانون خرم شہزاد ورک ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی اور اس کے اتحادیوں کے پاس اکثریت ہے اور آج کے اجلاس میں پی ٹی آئی اور اس کے اتحادیوں کے 188ارکان موجود تھے اور ہم نے پنجاب اسمبلی میں 21بل پاس کر کے اپنی اکثریت ثابت کر دی ہے۔ عدالتی فیصلے کے بعد اعتماد کے ووٹ کے بارے میں لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء میاں منور اقبال، حاجی غلام نبی ورک کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک پاکستان میں سیاسی استحکام نہیں ہوتا اس وقت تک ملکی معیشت درست نہیں ہو سکتی۔  پی ٹی آئی کے الیکشن کے مطالبے کو مختلف حیلوں بہانوں سے روکا جا رہا ہے۔ وفاق کے بعض وزرا اور مشیر پنجاب میں بدمعاشی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ الیکشن کمشن کا وارنٹ گرفتاری کرنے کا فیصلہ غیر قانونی ہے جس کے خلاف عدالت میں جا رہے ہیں۔ سینٹ کے انتخابات میں یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی لین دین کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد بھی الیکشن کمشن نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔ وزیر قانون خرم شہزاد ورک نے کہا کہ سینٹرل پنجاب سے ن لیگ کے چار ارکین رابطے میں ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن