• news

کا نفرنس کامیاب ، رقم سیلاب متا ثرین کیلئے غینی امداد : وزیراعظم ، نواز شریف ، مریم سے ملا قات 


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ خبر نگار) وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے ریزیلیئنٹ پاکستان کانفرنس کی کامیابی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10 ارب ڈالر سے زائد رقم سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کے لئے غیبی مدد سے کم نہیں، اللہ کی مدد اور عوامی تعاون سے پاکستان کی طرف بڑھتی ہر مشکل کا جرا ت ودانائی سے مقابلہ کریں گے۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے جس نے پاکستان اور مصیبت زدہ عوام کے لئے بہتری کی راہ کھولی۔ انہوں نے کہا کہ  رقم سیلاب متاثرین اور پاکستان کی بحالی میں غیبی مدد سے کم نہیں۔ اتنی بڑی رقم کا پاکستان کو ملنا موجودہ اتحادی حکومت پر دنیا کے اعتماد کا مظہر ہے۔ یہ اکائیوں اور بائیس کروڑ عوام کے اتحاد کی کامیابی ہے، یہ پاکستان کے ٹیم ورک کی کامیابی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وفاق اور اکائیوں کے اسی ٹیم ورک اور قومی جذبے سے پاکستان اور عوام کو مشکلات کی دلدل سے نکالیں گے۔ اس امانت کو دیانتداری، شفافیت اور تھرڈ پارٹی آڈٹ سے حقداروں تک پہنچائیں گے۔ تمام عالمی پارٹنرز بالخصوص سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں۔ ہمیشہ مہربان بھائی سعودی عرب، عظیم دوست چین، برادر ملک ترکیہ کی قیادت کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ولی عہد اور سعودی عرب کے وزیراعظم عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اس طرح دنیا نے وہاں ایک اتحاد اور قومی یکجہتی دیکھی، اس کامیابی کا سہرا درجہ بدرجہ آپ سب کے سر ہے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور ان کی ٹیم نے بھرپور ذمہ داریاں نبھائیں، وزارت خارجہ نے دنیا کو سیلاب متاثرین کی طرف توجہ دلانے میں اہم کردار ادا کیا، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق، وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمن اور وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بھرپور کاوشیں کیں، وزیر اطلاعات نے دنیا کی سکرینوں پر آپ سب کی کاوشوں کو اجاگر کیا، وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے بڑی محنت سے کام کیا، سیکرٹری خارجہ، سفیروں اور دیگر سفارتکاروں سب نے دن رات محنت کی، آپ سب کا پاکستان کے عوام اور حکومت کی طرف سے دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اصل چیلنج ان اعلانات اور وعدوں کو عملی جامہ پہنانا ہے۔ مزید برآں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے بلوچستان میں عالمی معیار کی درسگاہوں کی تعمیر کے منصوبے میں اہم پیشرفت کرتے ہوئے بلوچستان میں دانش سکول اور سینٹرآف ایکسیلینس کے قیام کے منصوبے پر عملدرآمد کے لئے ورکنگ پیپر تیار کرلیا گیا۔ بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کے اس تاریخی منصوبے کے لئے صوبائی اسمبلی باضابطہ قانون سازی کرے گی، بلوچستان میں دانش سکول اینڈ سینٹرز آف ایکسیلینس اتھارٹی قائم کی جائے گی۔  وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق دانش سکول اور سینٹرز آف ایکسیلینس کے ذریعے غریب ترین بچوں کو جدید تعلیمی سہولیات دی جائیں گی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف  کی جنیوا میں اپنا دو روزہ دورہ مکمل کر کے وطن واپس روانگی ہوئی ہے۔ دریں اثناء وزیر اعظم شہباز شریف کی پارٹی قائد میاں نواز شریف اور مریم نواز سے جنیوا میں ملاقات ہوئی، ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے دورہ جنیوا کے دوران پارٹی قائد میاں نواز شریف اور سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور اسحاق ڈار نے مریم نواز کا گلے کا آپریشن ہونے پر خیریت دریافت کی اور انہیں پارٹی کا سینئر نائب صدر منتخب ہونے پر مبارک بھی پیش کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور نواز شریف نے فیملی کے ساتھ رات کا کھانا بھی کھایا۔ فیملی ڈنر پر نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی موجود تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی قائد میاں نواز شریف اور فیملی کے ساتھ تقریبا 2 گھنٹے کا وقت گزارا۔ مزید برآں اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ محنت کے بغیر کچھ بڑا حاصل نہیں کیا جا سکتا۔

ای پیپر-دی نیشن