پاکستان میں 15ارب ڈالر سعودی ڈیپازٹ، سرمایہ کا ری
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) سعودی عرب پاکستان میں اعلان کردہ 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری مزید بڑھانے پر آمادہ ہو گیا جس کیلئے منصوبہ سازی بھی شروع کر دی گئی ہے۔ سعودی خبر ایجنسی کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی ترقیاتی فنڈ کو پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافے کا جائزہ لینے کی ہدایت کر دی ہے۔ سعودی عرب نے دسمبر 2022ء میں سٹیٹ بنک پاکستان کے پاس موجود ڈپازٹ کا دورانیہ بڑھا دیا۔ خبر ایجنسی کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کو پاکستان کے مرکزی بنک میں جمع کروائی گئی رقم کو اب 5 ارب ڈالر تک بڑھانے پر جائزہ لینے کی بھی ہدایت کردی ہے۔ رپورٹس کے مطابق سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہبازشریف کے درمیان حالیہ روابط کے تناظر میں یہ اعلان سامنے آیا ہے۔ اس حوالے سے سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا حجم 10 ارب ڈالر کرنے کیلئے منصوبہ سازی شروع کر دی گئی ہے جبکہ زرمبادلہ ذخائر کیلئے ڈپازٹ کی رقم میں بھی اضافہ پر غور کیا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ سعودی عرب نے گزشتہ سال پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا۔