• news

تو ہین الیکشن کمشن کیس : عمران ، فواد ، اسد عمر کے قا بل ضما نت وارنٹ گرفتاری جاری 


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن نے توہین الیکشن کمشن کیس میں چئیرمین تحریک انصاف عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق توہینِ الیکشن کمشن کیس میں عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کی درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمشن نے تینوں پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ ذرائع کے مطابق وارنٹ گرفتاری توہین الیکشن کمشن کیس میں عدم پیشی پر جاری کیے گئے، جس کے تحت تینوں رہنماؤں کو 50، 50 ہزار کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔ الیکشن کمشن نے تینوں پی ٹی آئی رہنماؤں کی حاضری سے استثنا کی درخواستیں بھی مسترد کر دیں۔ واضح رہے کہ عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری نے توہین الیکشن کمشن کیس میں حاضری سے استثنا مانگا تھا، جس پر الیکشن کمشن نے گزشتہ سماعت میں عدم پیشی پر وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن