نیب نے شجاعت عظیم کیخلاف کارروائی ختم کر دی، تحریری فیصلہ عدالت میں پیش
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)سابق مشیر ہوابازی شجاعت عظیم کو نیب اور سپریم کورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا. نیب نے شجاعت عظیم کیخلاف جاری کارروائی ختم کر دی. نیب نے کارروائی ختم کرنے کا تحریری فیصلہ عدالت میں پیش کر دیا. نیب کی رپورٹ پر سپریم کورٹ نے شجاعت عظیم کا نام پی آئی اے نجکاری کیس سے نکال دیا.سپریم کورٹ میں قومی ایئرلائن کی بھرتیوں کی اجازت دینے کی درخواست پر سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی. ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا شجاعت عظیم پہلے 2013 پھر 2014 سے 2017 تک مشیر ہوابازی رہے. بطور مشیر ہوابازی شجاعت عظیم کوئی تنخواہ یا مراعات نہیں لیتے تھے. دوران سماعت سپریم کورٹ نے پی آئی اے میں 250 ملازمین مزید بھرتی کرنے کی وجوہات طلب کرتے ہوئے کہا پی آئی اے میں پہلے ہی ضرورت سے زائد ملازمین ہیں تو مزید بھرتیاں کیوں ضروری ہیں؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا پی آئی اے کے بیرون ملک بھی ملازمین ہیں. تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں گے کہ کیوں مزید بھرتیاں درکار ہیں. پی آئی اے حکومت سے سالانہ 40 ملین ڈالر مانگ رہی ہے. عدالت نے کیس کی سماعت 19 جنوری تک ملتوی کردی۔