• news

بلاول پر پارٹی کے اندر سے الیکشن کو وقت سے آگے بڑھانے کیلئے دبائو


اسلام آباد (عترت جعفری)پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر پارٹی کے اندر سے آئندہ الیکشن کو مقررہ وقت سے آگے بڑھانے کے لئے دباو موجود ہے اور ان کا یہ بیان کہ الیکشن وقت پر ہونا چاہئے،بیرونی دباو سے کہیں زیادہ پارٹی کے اندر سے پڑنے والے دباو کی وجہ سے تھا ،پی پی پی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ گذشتہ سی ای سی کی میٹنگ میںجب سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا جا رہا تھا تو پارٹی  کے کچھ ارکان نے اس بات کی وکالت کی تھی کہ اکتوبر میں الیکشن نہ کرائے جائیںبلکہ ان کو آگے بڑھا دیا جائے جس کی وجہ انہوں نے  یہ بتائی تھی کہ حکومت بنانے  اور ملک کے درپیش معاشی حالات کی وجہ سے پارٹی کا گراف کافی متاثر ہو چکا ہے اور ابھی عوام میں کام کرنے کی ضرورت ہے ،اب جبکہ معاشی صورت حال میں بہتری کا امکان پیدا ہو رہا ہے تو پارٹی کو پہلے الیکشن کی تیاری کرنا چاہئے ،اور دوسری جماعتوں کے اندر بھی اس طرح کی سوچ موجود ہے ،جس پراجلاس میں گرما گرام بحث ہوئی ،پارٹی چئیر مین کا موقف بھی یہی تھا کہ الیکشن وقت پر ہی ہونا چاہئے،جس کے بعد انہوں نے اپنی پریس کانفرنس میںوقت پر الیکشن کی بات کی تھی تاکہ پارٹی کے اندر اور دیگر جماعتوں میں ایسی سوچ کوروکا جا سکے ،ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پارٹی کے اندر اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی گئی کہ پی ایم ایل ن کے بعض راہنماوں اور معاشی ٹیم کے اہم رکن کی جانب سے زرمبادلہ  کے کمرشل ذخائر کے بارے میں بیانات سے بین الاقوامی سطح پر مشکلات پیش آئیں ہیں ،ان ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملہ پر پی پی پی کی طرف سے معاشی ٹیم کے ارکان کو  محتاط طرز عمل کا مشورہ دیا گیا ہے ،کیونکہ اہم فورم پر بات چیت میں ان راہنماوں کے بیانات کو’کوٹ ‘ کیا جا رہا ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن