• news

آٹا لینے کیلئے جانے والی خاتون حادثہ میں جاں بحق، اوپن مارکیٹ میں گندم 30 روپے کلو سستی 


فیصل آباد؍ کراچی ؍ لیہ (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) اوپن مارکیٹ میں گندم 30 روپے سستی ہو گئی چیئرمین  ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن عبدالرؤف ابراہیم نے کہا ہے کہ گندم کے ریٹ 130 سے گر کر 100 روپے کلو پر واپس آ گئے ۔ پاسکو کے لیہ گودام سے بلوچستان کیلئے دو لاکھ بوری گندم کی ترسیل کا آغاز ہو گیا  فیصل آباد میں سستے آٹے کی تلاش میں گھر سے نکلنے والی معمر خاتون طارق آباد پل کے قریب موٹر سائیکل کی ٹکر سے جاں بحق ہوگئی ۔  نسرین بی بی کے بھائی یاسین کے مطابق ان کی بہن گھر سے سرکاری آٹے کی تلاش میں نکلی تھی حکومت کو اپنی بہن کے موت کا ذمہ دار سمجھتا ہے۔ نعش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی، آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر سکھر شہری اتحاد و سول سوسائٹی کے زیر اہتمام شہریوں کی کثیر تعداد نے قریشی گوٹھ چوک پر روٹیاں، آٹا اور گھاس اٹھا کر حکومت کے خلاف انوکھا احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اور نعری بازی کی گئی، مظاہرے کی قیادت سکھر شہری اتحاد کے چیئرمین مولانا عبید اللہ بھٹو ابن آزاد کر رہے تھے جبکہ دیگر مظاہرین میں سول سوسائٹی کے نمائندگان فضل الرحمن بھٹو، وزیر بروہی  راجا شیخ و دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر مذکورہ رہنمائوں  کا کہنا تھا کہ حکومت وقت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے اس میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن