ہمارے 5 ایم این ایز کو ایک ارب 20 کروڑ کی آفر کی گئی: فواد چودھری
لاہور (نیوز رپورٹر + نیٹ نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے ہمارے پانچ ایم پی ایز کو ایک ارب 20 کروڑ روپے کی آفر کی گئی۔ ہماری ایک ایم پی اے مومنہ وحید کو پانچ کروڑ دیئے گئے ہیں۔ مظفرگڑھ کے ایم پی اے کو نامعلوم نمبروں سے کال اور رشوت کی آفر کی گئی۔ پی ڈی ایم کی طرف سے پانچ ایم پی ایز کو پیسوں کی آفر کی جا رہی ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نامعلوم نمبروں سے کال، رشوت کی آفرز کی انکوائری ہونا ضروری ہے۔ پنجاب، خیبرپختونخوا کی اسمبلیوں کو تحلیل کر کے ہم آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت نیم مارشل لا کی کیفیت ہے۔ پنجاب اسمبلی میں آج ہمارے نمبرز 188 سے زائد ہیں۔ مومنہ وحید لوٹی کے علاوہ تعداد 188 ہے۔ انتخابات سے ہی پاکستان میں سیاسی استحکام لایا جا سکتا ہے۔ الیکشن کمشن کا قابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ ہائی کورٹ کے فیصلے کی توہین ہے۔ اس فیصلے سے وارنٹ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد چودھری نے کہا کہ کیس کی تاریخ 17 جنوری تھی جس کو رولز کے خلاف گزشتہ روز مقرر کر کے فیصلہ دیا گیا۔ اس فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں توہین عدالت کا مقدمہ کریں گے۔ فواد چوہدری نے حسین بہادر دریشک سمیت دیگر رہنمائوں کے ہمراہ زمان پارک کے باہر میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے موضوع پر پشاور میں منعقدہ سیمینار تھا، عمران خان نے پالیسی دی۔ پاکستان کے اس وقت دو بڑے مسئلے ہیں۔ دہشت گردی اور معیشت ہیں۔ ان تمام مسائل کا حل نئے انتخابات ہے۔ ہم چاہتے ہیں ان کی طرف بڑھیں۔ مشاہد حسین نے انٹرویو میں کہا عمران خان کے خلاف سوفٹ انقلاب لایا گیا ہے۔ ہمارے آج ممبران کی تعداد 188ہے۔ اس وقت ادارے پولیٹیکل طور پر نیوٹرل نہیں ہوئے ہیں۔ ہمارے مظفر گڑھ سے ایم پی اے کو پانچ کروڑ روپیہ آفر کیا۔ ہمارے ارکان فون کال دھمکیوں نہ پیسوں کے لالچ میں آئے ہیں۔ ہماری آرمی چیف سے درخواست ہے ان معاملات کی انکوائری کرائیں۔ عمران خان پر حملے کی جی آئی ٹی کو بھی تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی۔ صوبائی وزیر راجہ بشارت نے کہا ہماری پنجاب اسمبلی میں ارکان کی تعداد پوری ہے۔ ہم اعتماد کے ووٹ پر جیتیں گے۔