رانا ثناء اللہ پنجاب اسمبلی کا ماحول خراب کر رہے ہیں:محمود الرشید
لاہور ( نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ایک وفاقی وزیر یہاں آکر پنجاب اسمبلی کا ماحول خراب کر رہا ہے اور پرائیویٹ ممبرز ڈے پر بھی ایک تماشا لگایا ہوا ہے۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ رانا ثناء اللہ یہاں بیٹھ کر منتخب حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششں کر رہا ہے لیکن میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ رانا ثناء اللہ کے کہنے پر کچھ نہیں ہوگا ۔پنجاب کے عوام ڈٹ کر پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔دوسری جانب صوبائی وزیر بلدیات میاں محمود الرشید نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم الیکشن کمشن کے اس فیصلے کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی کے سربراہ ہیں اور انہوں نے ہمیشہ عدالتوں اور قومی اداروں کا احترام کیا ہے۔