ملکی خزانے پر لٹیرے ،بے ایمان لوگ براجمان ہیں، زوار بہادر
لاہور(خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء پاکستان کی سپریم کونسل کے چیئر مین علامہ قاری محمد زوار بہادر نے جمعیت علماء پاکستان لاہور کے جنرل سیکرٹری حافظ لیاقت علی رضوی کی میزبانی میں علمائے اہلسنّت کاہنہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمت ملک کے خزانے پر لٹیرے اور بے ایمان لوگ براجمان ہیں ۔غریب اس وقت اپنی زندگی کی سانسیں پوری کررہے ہیں۔اس وقت ملک میں زندہ رہنے کیلئے دال روٹی اور آٹا ناپید ہو چکا ہے۔مردو خواتین آٹے کی خاطر دربدر کی ٹھوکریں،پولیس کے ڈنڈے کھاکربھی ٹرکوں کے پیچھے دوڑ رہے ہیں۔وطن عزیز نے یہ منظر پہلی بار دیکھا ہے کہ لوگ ہاتھوں میں پیسے لیے پھر رہے ہیںاور زرعی ملک میں آٹا نہیں مل رہا۔ یہ سب کچھ نااہل اور ملک و قوم کے درد سے عاری حکمرانوں کی کارکردگی ہے۔موجودہ حکمران مہنگائی ختم کرنے، ملک کی معیشت کو بحال کرنے اور ترقی دینے کے نام پر اقتدار پر لائے گئے۔مگراس کے اْلٹ حکمرانوں نے مہنگائی ختم کرنے کے بجائے غریب کو ہی ختم کرنے کا منصوبہ بنالیاہے سیلاب زدہ علاقوں میںآج بھی سیلابی پانی کھڑا ہے اور حکمران پوری دنیا کی سیر و تفریح میں مصروف ہیں۔