خانیوال، ڈاکوؤں کی باپ، بھائی کے سامنے 17 سالہ لڑکی سے زیادتی
خانیوال؍ لاہور (نمائندہ خصوصی+ خبر نگار) نواحی علاقے میں ڈاکوؤں نے سترہ سالہ لڑکی کے ساتھ لڑکی کے بھائی اور والد کو رسیوں سے باندھ کر ان کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا اور ڈکیتی کی واردات کے بعد فرار ہو گئے۔ تھانہ صدر کبیر والا کی حدود میں تین ڈاکوؤں نے اسلم کڑیانہ سیال کے گھر میں داخل ہو کر اسلم کی بیٹی کے ساتھ اس کے والد اور بھائی کے سامنے زیادتی کی۔ ڈاکو کئی گھنٹے اطمینان کے ساتھ گھر پر موجود رہے اور جاتے ہوئے ڈیڑھ لاکھ نقدی، تین عدد قیمتی موبائل، بکریاں اور قیمتی پارچہ جات ہمراہ لے گئے۔ اجتماعی زیادتی اور ڈکیتی اطلاع ملنے کے باوجود پولیس کئی گھنٹوں بعد جائے وقوعہ پر پہنچی۔ آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار خان نے خانیوال کے علاقے 6 کسی میں ڈاکوؤں کی لڑکی سے مبینہ زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔