سیلاب زدگان کی بحالی، منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے خود مختار بورڈ بنانے کیلئے غور
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی حکومت نے سیلاب زدگان کی بحالی کے منصوبوں پر عمل درآمد کے لئے خود مختار بورڈ تشکیل دینے پر غور شروع کر دیا ہے، خود مختار بورڈ کو قومی سطح پر تشکیل دیا جائے گا جس میں معتبر شخصیات، پروفیشنلز، ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے نمائندوں کو شامل کیا جائے گا۔ بورڈ سیلاب زدگان کی بحالی کے کاموں پر کوآرڈینیشن کا بھی ذمہ دار ہوگا اور ساتھ ہی ریکوری پلان پر تیار کردہ منصوبوں کی منظوری دینے کا مجاز ہوگا۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے سیلاب زدگان کی بحالی کے منصوبوں کیلئے تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ نظام لازم قرار دینے پر بھی غور کیا اس کے علاوہ وفاقی حکومت پالیسی اینڈ سٹریٹجی کمیٹی تشکیل دے گی۔ یہ کمیٹی منصوبوں پر ماہرانہ رائے کے ساتھ ساتھ صوبوں سے کوآرڈینیشن کو بھی یقینی بنائے گی۔ صوبائی سطح پر بھی منصوبوں کی تیاری کیلئے کمیٹیاں بنائی جائیں گی، منصوبوں کو شفاف بنانے کیلئے آڈٹ اور مانیٹرنگ کو سخت کرنے کیلئے آڈیٹر جنرل آف پاکستان منصوبوں کے ایکسٹرنل آڈٹ کرنے کا مجاز ہوگا۔