نرسنگ کونسل کی نومنتخب صدر تعیناتی کیخلاف کیس‘ آئندہ ایک وکیل پیش ہو: اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز کی عدالت نے پاکستان نرسنگ کونسل کی نو منتخب صدر ڈاکٹر شازیہ صوبیہ کی تعیناتی کے خلاف درخواست میں پاکستان نرسنگ کونسل کی جانب سے دو وکیل عدالت پیش کئے جانے پر ہدایت کی ہے کہ آئندہ سماعت پر ایک وکیل پیش ہو کر جواب جمع کرائے۔ درخواست گزار وکیل نے کہاکہ کونسل نے ڈی نوٹیفائی کر دیا ہے مگر وہ ابھی بھی کام کر رہی ہیں۔ ضیاء الرحمن ایڈووکیٹ نے کہاکہ رجسٹرار کو صدر نرسنگ کونسل نے غیر قانونی طور معطل کیا۔ علی نواز کھرل ایڈووکیٹ نے کہاکہ اسسٹنٹ ڈپٹی رجسٹرار نے ہمیں کیس میں انگیج کیا ہے۔ ضیاء الرحمن ایڈووکیٹ نے کہاکہ وکیل انگیج کرنا رجسٹرار کا کام نہیں ہے، ایگزیکٹو کمیٹی فیصلہ کرتی ہے۔ جس پر عدالت نے کہاکہ نرسنگ کونسل خود اندرونی طور پر اپنے وکیل کا فیصلہ کرے۔ آئندہ سماعت پر ایک وکیل پیش ہو اور مشاورت کے بعد کمنٹس فائل کریں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔