لاہور سمیت کئی شہروں میں ہلکی بارش‘ حادثات‘ 16زخمی‘ سموگ میں کمی‘ دھند برقرار
سرگودھا‘چناب نگر‘ گجرات‘ لاہور (نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگار‘ این این آئی) لاہور سمیت کئی شہروں میں ہلکی بارش سے سردی مزید بڑھ گئی۔ پھسلن و دیگر حادثات میں 16 افراد زخمی ہو گئے۔ پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج برقرار ہے۔ حد نگاہ متاثر ہونے کے باعث مختلف مقامات سے موٹرویز ٹریفک کیلئے بندکردی گئی۔ لاہور ایئرپورت پر فضائی آپریشن بھی متاثر ہے۔ اندرون و بیرون ممالک آنے جانے والی متعدد پروازیں منسوخ ہونے سے مسافروںکو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جبکہ محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی ۔ موٹر وے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث ایم 2 لاہور، اسلام آباد موٹروے ٹھوکر نیاز بیگ سے کوٹ مومن تک اور پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد موٹروے ایم 3درکھانہ سے فیض پور تک ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی۔ چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں چند مقامات پر درمیانی سے شدید بارش، برفباری کی بھی توقع ہے۔ مزید برآں دیامیر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے، شِگر میں مطلع ابر آلود رہنے، بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ جبکہ وادی نیلم، مظفر آباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر، میرپور میں مطلع ابر آلود، بارش اور برفباری کی توقع ہے۔ چناب نگر گردونواح میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے ہلکی و تیز بارش ہوتی رہی۔ بارش‘ پھسلن و دیگر حادثات میں 16 افراد زخمی ہو گئے۔ نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا جس کی وجہ سے ٹریفک سست روی کا شکار رہی اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بعض علاقوں میں بجلی کی ترسیل معطل رہی اور بعض علاقوں میں گیس کی بندش کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ خاتون سمیت 8 افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔ مسلسل بارش اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ نہ صرف خشک سردی کا خاتمہ ہوا ہے بلکہ سموگ کے خاتمے کیساتھ ساتھ فضائی آلودگی میں بھی کافی حد تک کمی ہوئی ہے۔ گجرات و گردونواح میں دن بھر دھند اور آسمان پر بادل چھائے رہے۔ وقفے وقفے سے ہلکی بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ سڑکوں پر رواں دواں گاڑیوں نے دن میں ہی گاڑیوں کی لائٹیں آن کئے رکھیں۔ بارش میں لوگوں کا مچھلی‘ سموسہ‘ پکوڑا شاپس اور ڈرائی فروٹ فروخت کرنے والی دکانوں پر بے پناہ رش رہا۔ سرگودھا شہر اور گردونواح میں بارش سے سردی میں مزید اضافہ ہو گیا جبکہ اثرات کنو سمیت دیگر فصلوں پر اچھے مرتب ہونگے۔ ڈاکٹرز نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔