آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کا مہنگائی کیخلاف احتجاج
لاہور (نیوز رپورٹر) محکمہ بجلی اور واپڈا کے کارکنوں نے آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے زیراہتمام ملک میں ضروریات زندگی کی بنیادی اشیاء میں کمر توڑ مہنگائی اور قومی ادارہ محکمہ بجلی کے 11 کے وی فیڈرز اور قومی تھرمل گدو پاور ہائوس کی مجوزہ نجکاری اور محنت کشوں و نوجوانوںکی بیروزگاری اور غربت میں دن بدن بے پناہ اضافہ ہونے کے خلاف احتجاجی جلوس نکالا۔ محنت کشوں نے قومی پرچم اور اپنے ان مطالبات کے حق میں بینرز اٹھا رکھے تھے۔ خورشید احمد جنرل سیکرٹری نے وزیراعظم سے پرزور مطالبہ کیا کہ وسیع تر قومی مفاد میں محکمہ بجلی کے منافع بخش گدو پاور ہائوس اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے 11 کے وی فیڈرز کو نجکاری سے روکیں۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں اور حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ ملک میں شدید کمر توڑ مہنگائی‘ بیروزگاری میں اضافہ اور سماج میں امیر و غریب کے مابین بے پناہ فرق کو دور کرانے کیلئے قومی اقتصادی پالیسی اپنا کر ملک کو خودکفیل بنائیں۔